
سکول لیڈرز کے زیر نگرانی دیر لوئیر کے سرکاری پرائمری سکولوں میں پہلی بار بیک وقت امتحانات کا آغاز
یہ امتحانات 16 مارچ سے پورے ضلع میں بیک وقت شروع ہوگئے ہیں اور بغیر کسی وقفے کے 26 مارچ تک جاری رہینگے۔
دیر لوئیر کے تقریبا 755 پرائمری سکولوں میں بیک وقت سالانہ امتحانات کا آغاز 16 مارچ 2024 سے ہوچکا ہے۔ ان امتحانات کو سنٹرالائزڈ امتحانات کا نام دیا گیا ہے جس میں پورے ضلع کیلئے ایک جیسے پرچے بنائے گئے ہیں۔ سکول لیڈرز کے ضلعی سطح پر ایکیڈیمک کمیٹی بنائی گئی تھی جس میں پرائمری سکولوں میں پڑھانے والے اساتذہ کرام صاحبان کی مدد سے ایس ایل لوز پر مشتمل پرچہ جات بنائے گئے تھے۔ ان پرچوں کو بعد میں سکول لیڈرز کی ایکیڈیمک کمیٹی نے کمپوز کیا تھا۔ اس سے پہلے کلاس اول ادنی اور اول اعلیٰ سے تحریری امتحان نہیں لئے جاتے تھے اور صرف زبانی امتحانات پر توجہ دی جاتی تھی۔ سکول لیڈرز کا کہنا ہے کہ اس سے بچوں کے تحریری صلاحیتوں کو اجاگر اور مضبوط کیا جا سکےگا۔ اساتذہ کرام صاحبان کی طرف سے سکول لیڈرز کی اس کاوش کو سراہا گیا کہ پہلی بار معیار پر توجہ دی گئی ہے۔ یہ امتحانات 16 مارچ سے پورے ضلع میں بیک وقت شروع ہوگئے ہیں اور بغیر کسی وقفے کے 26 مارچ تک جاری رہینگے۔ اس کے بعد 30 مارچ کو نتائج کا اعلان کیا جائیگا۔ سکول لیڈرز کا کہنا ہے کہ ان کو جس مقصد کیلئے بھرتی کیا گیا ہے اس کو حاصل کرنے کیلئے اپنے تمام تر توانائیاں صرف کی جائیگی۔ سکول لیڈرز نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حکومتی مقاصد کو حاصل کرنے کیلئے پرائمری اساتذہ کے ساتھ مل کر ائندہ سال کیلئے مضبوط تر پریم ورک بنایا جائیگا۔





